منگلورو ،6؍اپریل (ایس او نیوز)اوروا پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس سب انسپکٹر آئیتھپاپر رات کے وقت جو حملہ ہوا تھا اس پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کی ڈسٹرکٹ کمیٹی نے اسے شرپسندوں کی جانب سے کی گئی ایک غیر انسانی حرکت قرار دیتے ہوئے اس کی کڑی مذمت کی ہے۔
ایس ڈی پی آئی کے ضلعی صدر حنیف خان کوڈاجے نے اپنے اخباری بیان میں کہا ہے کہ ایک روز قبل پولیس ٹارچر کے خلاف کیے گئے احتجاج اور اس کے بعد پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے کارکنان پر پولیس کی طرف سے کیے گئے لاٹھی چارج سے پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کے لئے شرپسندوں نے پولیس افسرپر یہ حملہ کیا ہے۔اس لئے محکمہ پولیس کو چاہیے کہ فوراً اس کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے اور تمام سی سی کیمروں کے فوٹیج کا معائنہ کرتے ہوئے اس واقعہ کے لئے ذمہ دار افرادکا پتہ لگائے۔